ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کانگریس نے 17 جولائی کو طلب کیا حزب اختلاف کی جماعتوں کا اجلاس، شیو سینا کو بھی دعوت

کانگریس نے 17 جولائی کو طلب کیا حزب اختلاف کی جماعتوں کا اجلاس، شیو سینا کو بھی دعوت

Wed, 13 Jul 2022 21:55:01    S.O. News Service

نئی دہلی،13؍جولائی (ایس او نیوز؍ایجنسی) پارلیمنٹ کا مانسون اجلاس 18 جولائی کو شروع ہونے جا رہا ہے۔ جس میں حکومت کو گھیرنے کی حکمت عملی بنانے کے مقصد سے کانگریس پارٹی نے حزب اختلاف کی جماعتوں کا اجلاس ایک روز قبل یعنی 17 کو طلب کیا ہے۔ پتہ چلا ہے کہ راجیہ سبھا میں حزب اختلاف کے لیڈر ملکارجن کھڑگے نے تمام حزب اختلاف کی جماعتوں کو خط لکھ کر اجلاس میں شرکت کی دعوت دی ہے، جس میں شیو سینا بھی شامل ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ اس اجلاس سے قبل 14 جولائی کو کانگریس پارلیمانی حکمت عملی کمیٹی گروپ کا اجلاس بھی منعقد ہونے والا ہے۔ جس کی سربراہی خود پارٹی کی صدر سونیا گاندھی کریں گی۔ پارلیمنٹ کا مانسون اجلاس 18 جولائی پیر کے روز سے شروع ہو کر 12 اگست تک چلے گا۔ مانسون اجلاس کو لے کر 17 جولائی کو ہونے والے اجلاس میں نائب صدر کے امیدوار پر بھی فیصلہ ہوگا۔ نائب صدر امیدوار کو لے کر حزب اقتدار اور حزب اختلاف دونوں نے ہی اپنے پتے نہیں کھولے ہیں لیکن ان دونوں انتخابات کا اثر پارلیمنٹ کے اجلاس میں نظر آئے گا۔

ادھر، پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس سے قبل مرکزی حکومت نے بھی کل جماعتی اجلاس طلب کیا ہے۔ حکومت نے 17 جولائی اتوار کی صبح 11 بجے کل جماعتی اجلاس طلب کیا ہے۔ حکومت کی طرف سے پارلیمانی امور کے وزیر پرہلاد جوشی نے تمام جماعتوں کے لیڈران کو مدعو کیا ہے۔


Share: